
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بینظیر ہنر مند پروگرام کے نام سے ایک انقلابی اقدام کا آغاز کررہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد مستحقین کو خود انحصاری اور پائیدار روزگار کے لیے ہنر مندانہ تربیت سے لیس کرنا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ بی آئی ایس پی کے تحت ایک جامع اور منظم اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام متعارف کروایا جا رہا ہے۔
اس تاریخی موقع کو یادگار بنانے کے لیے صدرِ پاکستان جناب آصف علی زرداری 21 جون 2025 کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یومِ پیدائش کے موقع پر بینظیر ہنرمند پورٹل کا باقاعدہ اجراء کریں گے۔ محترمہ بینظیر بھٹو ہمیشہ پسماندہ طبقے کی بااختیاری اور وقار کی علمبردار رہیں اور یہ پروگرام ان کے خواب کی تعبیر ہے۔
اس حوالے سے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے آج بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ مشاورتی ورکشاپ کی صدارت کی، جس میں مختلف شعبہ جات کے نمائندگان شریک ہوئے، جن میں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری آف پاکستان، ڈبلیو ایف پی، ڈبلیو ایچ او، جی آئی زیڈ اور کئی غیر سرکاری تنظیمیں شامل تھیں۔ سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری بی آئی ایس پی جناب عامر علی احمد نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اس قومی مقصد کے لیے تعاون پر زور دیا۔
شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی صرف مالی امداد تک محدود نہیں رہا۔ اب ہم بینظیر ہنرمند پروگرام کے ذریعے لوگوں کو ہنر دے کر، انہیں باوقار طریقے سے غربت سے نکالنے میں مدد دیں گے تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا قول تھا: "ہنر آپ کا سرمایہ ہے”۔ بی آئی ایس پی پہلے ہی مالی معاونت سے زندگیوں میں بہتری لا رہا ہے اور اب یہ پروگرام مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں سکھا کر، بین الاقوامی سرٹیفکیشن کے ساتھ، مستحقین کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔
سیکرٹری بی آئی ایس پی جناب عامر علی احمد نے بھی سیشن سے خطاب کیا اور پروگرام کے لیے مکمل ادارہ جاتی تعاون کی یقین دہانی کرائی، بی آئی ایس پی کے جامع، شواہد پر مبنی اور عوام پر مبنی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔ سیشن کے اختتام پر اسٹیک ہولڈرز نے غربت کے خاتمے کے لیے بی آئی ایس پی کے اختراعی نقطہ نظر کو نہ صرف سراہا بلکہ پروگرام کے نفاذ، صنعت سے منسلک ہونے اور روزگار کی سہولت فراہم کرنے میں تعاون کے لیے بھرپور آمادگی کا اظہار کیا