چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے رواں مالی سال 2026-27 کے دوران 292 ارب روپے کے کاروباری قرضہ جات مختص کیے گئے ہیں جبکہ ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیکنیکل ایجوکیشن پروگرام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کے ساتھ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی نشست کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں اور ان کا واضح مؤقف ہے کہ نوجوان نسل کی ترقی کے لیے وسائل کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔رانا مشہود احمد خاں نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ‘4Es’ فریم ورک کے تحت تعلیم، روزگار، ہنرمندی، کاروبار، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (AI)، کھیل، فنون و ثقافت اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ نئے اسٹارٹ اپس کو سہارا دیا جا سکے اور نوجوانوں میں خود روزگاری کو فروغ ملے، جو ملکی تاریخ میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

