اسلام آباد: پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) رئیسہ عادل نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی اب خلائی تحقیق کے میدان تک پہنچ چکی ہے اور ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ چینی خلائی مرکز میں پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی تربیت اور خلائی سرگرمیوں میں شرکت پورے ملک کے لیے باعثِ فخر و اعزاز ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پاک چین فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ ’’کہکشاں‘‘ پروگرام کے اختتامی روز تقسیمِ انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزارتِ اطلاعات و نشریات کے افسران اور سٹاف سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔رئیسہ عادل نے کہا کہ ’’کہکشاں‘‘ پروگرام کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام، بالخصوص بچوں اور نوجوان نسل میں خلائی تحقیق، سائنسی علوم اور پاکستان کے خلائی پروگرام سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔ اس اقدام سے نوجوانوں کو یہ ترغیب ملے گی کہ وہ مستقبل میں ڈاکٹر، انجینئر اور سائنسدان بن کر ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے دوران بچوں کی دلچسپی کے لیے چاند اور خلا سے متعلق معلومات کے ساتھ ساتھ مختلف عملی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا گیا، جبکہ بچوں کو خلائی سفر کا احساس دلانے کے لیے خصوصی ’’بورڈنگ پاسز‘‘ بھی تیار کروائے گئے۔پی آئی او نے مزید کہا کہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال نے نوجوانوں کو ’’ستاروں سے آگے جہاں‘‘ تلاش کرنے کا جو پیغام دیا تھا، پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی کامیابی اسی عزم کی عملی عکاسی کرتی ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پی آئی ڈی سٹاف کو شیلڈز بھی پیش کیں۔واضح رہے کہ پاک چین فرینڈشپ سینٹر میں قائم خصوصی مرکز ’’کہکشاں ۔ مشن کنٹرول سینٹر‘‘ گزشتہ چند روز سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، بالخصوص طلبہ اور بچوں کی گہری دلچسپی کا مرکز بنا رہا۔ شہریوں نے چین کے انسان بردار خلائی مشن ’’شینزو-24‘‘ میں پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی شمولیت کو سراہتے ہوئے اسے ملک کے لیے ایک تاریخی اور قابلِ فخر لمحہ قرار دیا۔مشن کنٹرول سینٹر میں خلائی جہاز اور راکٹ کے ماڈلز بھی نصب کیے گئے تھے، جبکہ سپارکو (SUPARCO) کے سٹال پر خلا باز ذیشان علی کی جانب سے خلا میں کیے جانے والے تجربات کی تفصیلات اور لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹس فراہم کی جاتی رہیں۔ اس کے علاوہ شرکاء کو ورچوئل رئیلٹی (VR) کے ذریعے خلائی اسٹیشن کی سیر کروائی گئی اور بچوں کے لیے ’’جگنو کا سفر سپیس تک‘‘ کے عنوان سے خصوصی پروگرام بھی پیش کیا گیا۔
