
17 جون، 2025، اسلام آباد — وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) اور فوجی فاؤنڈیشن (FF) کے درمیان ایک تاریخی لیٹر آف انٹینٹ (LoI) پر دستخط کیے گئے۔ یہ شراکت داری پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، علمی و تعلیمی قابلیت کو فروغ دینے اور مہارتوں کی ترقی کے لیے کی گئی ہے۔
یہ اشتراک وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) اور فوجی فاؤنڈیشن (FF) کی صلاحیتوں، وسائل اور وژن کو یکجا کرتے ہوئے اُن طلباء و طالبات کو مواقع فراہم کرے گا جو تعلیم اور کھیلوں کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس تعاون کا مقصد نوجوانوں کی تربیت، سیکھنے کے مواقع کو بہتر بنانا اور اُن میں روزگار کے قابل مہارتیں پیدا کرنا ہے تاکہ وہ قومی اور عالمی سطح پر کامیاب ہو سکیں۔
یہ منصوبہ مختلف سطحوں پر نوجوانوں، طلباء، اساتذہ، فوجی فاؤنڈیشن (FF) اور وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) سے منسلک عملے کو فائدہ پہنچانے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت اسکالرشپ پروگرامز، تعلیمی اور کھیلوں کے مقابلے، گلوبل ایجوکیشن, ٹیکنیکل ٹریننگ, ڈیجیٹل سکلل-بلڈنگ, ٹیچر ٹریننگ,سے متعلق آگاہی، خواندگی میں اضافہ، ثقافت و فنون کے فروغ، اور کارپوریٹ سیکٹر کے ساتھ روابط جیسے اہم اقدامات شامل ہوں گے۔
یہ مشترکہ کوششیں پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک جامع ترقیاتی پلیٹ فارم فراہم کریں گی، جس سے ایک ایسی نسل تیار کی جا سکے گی جو نہ صرف ذمہ دار اور قابل ہو، بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی مثبت نمائندگی بھی کر سکے۔
اس موقع پر فوجی فاؤنڈیشن (FF) کی نمائندگی برگیڈیئر (ر) عابد حسین شاہ، جنرل منیجر اکیڈمکس؛ جنرل (ر) محمد احسان، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، ڈائریکٹر ایجوکیشن؛ اور ڈاکٹر عطاالرحمٰن، ہیڈ آف مارکیٹنگ، ایجوکیشن ڈویژن نے کی۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) کی طرف سے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور ڈاکٹر محمد علی، ڈپٹی سیکریٹری، سمیت دیگر ممبران موجود تھے۔
یہ تاریخی لیٹر آف انٹینٹ (LoI) پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور اُنہیں ایک روشن، بااختیار اور ذمہ دار مستقبل کی جانب گامزن کرنے کے سفر میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔