کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک حقیقی معنوں میں ترقی پسند، جمہوری اور منصفانہ ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتا جب تک اس کی خواتین اور بچیاں تشدد، امتیازی سلوک اور استحصال کے خوف میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوں۔ خواتین کا تحفظ کسی اختیار یا رعایت کا معاملہ نہیں بلکہ آئینی تقاضا، اخلاقی فریضہ اور پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن اور 16 روزہ مہم کے آغاز کے موقع پر ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایسا معاشرہ بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے جہاں ہر عورت اور بچی عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزار سکے، بلاخوف اپنے حقوق استعمال کر سکے اور کسی رکاوٹ کے بغیر اپنی صلاحیتوں اور خوابوں کو حقیقت میں بدل سکے۔آئینِ پاکستان بالخصوص آرٹیکلز 14، 25 اور 34 انسانی وقار، قانون کی نظر میں مساوات اور قومی زندگی میں خواتین کی بھرپور شرکت کے حوالے سے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ مؤثر قانون سازی، ادارہ جاتی جوابدہی، مساوی مواقع اور انصاف تک آسان رسائی کے ذریعے ان آئینی ضمانتوں کو عملی حقیقت میں تبدیل کریں۔شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973ء کے آئین کے ذریعے خواتین کی مساوات اور بااختیاری کی آئینی بنیاد رکھی، جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اس وژن کو خواتین کی سیاسی، سماجی اور معاشی خودمختاری کی ایک مؤثر تحریک میں تبدیل کیا۔ ان کی لازوال جدوجہد ہمیں یاد دلاتی ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا محض ترقی کا ایک ہدف نہیں بلکہ جمہوریت اور قومی ترقی کا بنیادی ستون ہے۔قانون سازی اور ادارہ جاتی اقدامات میں نمایاں پیش رفت کے باوجود گھریلو تشدد، ہراسانی، غیرت کے نام پر جرائم، انسانی اسمگلنگ اور ٹیکنالوجی کے ذریعے خواتین کو ہراساں کرنے کی نئی صورتیں بدستور سنگین چیلنجز ہیں۔ خواتین کے خلاف تشدد کی کسی بھی شکل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جانا چاہیے، خواہ وہ گھر، جائے کار، عوامی مقامات یا ڈیجیٹل دنیا میں ہو۔قوانین محض اعلانات اور تحریری دستاویزات تک محدود نہیں رہنے چاہئیں۔ ان کی کامیابی کا اصل معیار خواتین کو فراہم کیا جانے والا تحفظ، انہیں ملنے والا انصاف اور ذمہ داروں کا مؤثر احتساب ہے۔ بروقت انصاف، متاثرہ خواتین کے لیے حساس اور مؤثر ادارہ جاتی ردعمل اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد ہماری قومی کوششوں کا بنیادی حصہ ہونا چاہیے۔بطور چیئرمین سینیٹ، میرا پختہ یقین ہے کہ خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے ترقی پسند قانون سازی، مؤثر نگرانی اور ادارہ جاتی جوابدہی کے ذریعے پارلیمان کا کردار نہایت اہم ہے۔ خواتین محض ترقی کے ثمرات حاصل کرنے والی نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں برابر کی شراکت دار ہیں۔ ان کے تحفظ، تعلیم، معاشی خودمختاری اور قیادت کے مواقع میں سرمایہ کاری درحقیقت ہماری جمہوریت کو مضبوط اور قوم کے مستقبل کو خوشحال بنانے میں سرمایہ کاری ہے۔خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے معاشرتی رویوں میں بنیادی تبدیلی ناگزیر ہے۔ ریاستی اداروں، خاندانوں، تعلیمی اداروں، علمائے کرام، سول سوسائٹی اور میڈیا کو مل کر احترام، مساوات اور رواداری پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ بالخصوص مردوں اور نوجوان لڑکوں کو نقصان دہ روایات کے خلاف آواز بلند کرنے اور صنفی بنیادوں پر ہونے والے ہر قسم کے تشدد کو مسترد کرنے میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ خاموشی اور بے حسی کو کسی صورت ظلم اور مجرموں کے لیے تحفظ کا ذریعہ نہیں بننے دینا چاہیے۔اس موقع پر میں تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین کی ہمت، حوصلے اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور خواتین و بچیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم تمام افراد اور اداروں کی گراں قدر خدمات کو سراہتا ہوں۔ 16 روزہ مہم کو محض آگاہی کی سرگرمی تک محدود رکھنے کے بجائے اسے مسلسل عملی اقدامات، ادارہ جاتی عزم اور قابلِ پیمائش مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنانا ہوگا۔خواتین کا وقار ہماری قوم کے وقار کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا تحفظ ہماری ذمہ داری، ان کی بااختیاری ہماری طاقت اور ان کی مساوات ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے۔
