اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی نے ملک کا نام روشن کیا ہے، خلائی مشن میں ان کی شرکت پاک چین شراکت داری اور دوستی کا عروج ہے، پوری قوم کو اپنے خلا باز پر فخر ہے، 25 نومبر کا دن خلائی مشن کے حوالے سے ہر سال یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاک چین فرینڈ شپ سینٹر میں خصوصی مرکز ”کہکشاں ۔ مشن کنٹرول سینٹر“ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہکشاں ۔ مشن کنٹرول سینٹر میں تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز پاکستان کے خلائی سفر اور خلائی تحقیق کے عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشن کنٹرول سینٹر میں خلائی جہاز اور راکٹ کا ماڈل بھی بنایا گیا ہے جسے دیکھ کر بچے محظوظ ہو رہے ہیں۔ یہاں خلائی سائنس سے متعلق ڈاکومنٹریز بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں سپارکو کا سٹال بھی لگایا گیا ہے جہاں پاکستان کے خلا باز ذیشان علی کی جانب سے خلا میں کیے جانے والے مختلف تجربات کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ یہاں ورچوئل رئیلٹی کے ذریعے خلائی اسٹیشن کا تجربہ بھی کیا جا سکتا ہے جبکہ بچوں کے لیے ”جگنو کا سفر سپیس تک“ کے عنوان سے خصوصی پروگرام بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف پاکستان بلکہ پاک چین دوستی کے حوالے سے بھی بڑا تاریخی دن ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں چینی صدر شی جن پنگ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ستاروں سے آگے نکل گئی ہے، کہا جاتا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ہے، ہم یہ ہدف عبور کرتے ہوئے آج اسپیس تک پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے عوام کو دعوت دی کہ وہ یہاں آئیں اور خلائی مشن، اس کے تحت ہونے والے سائنسی تجربات اور خلائی سائنس کے بارے میں آگاہی حاصل کریں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کہکشاں ۔ مشن کنٹرول سینٹر چار روز تک فعال رہے گا اور ان چار روز کے دوران پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی جانب سے کیے جانے والے تجربات کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین شراکت داری اور دوستی ایک عروج ہے، ہمیں نہ صرف پاکستانی خلا باز ذیشان علی بلکہ چینی خلا بازوں پر بھی فخر ہے۔ ہمارے دوسرے خلا باز داؤد نے بھی مکمل تربیت حاصل کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سپارکو کے سربراہ اور چینی خلائی ایجنسی کے سربراہ کی موجودگی میں ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جبکہ دونوں خلا بازوں نے وزیراعظم سے ملاقات بھی کی تھی۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم تمام سائنسدانوں، سپارکو اور مسلح افواج کے مشکور ہیں۔ پوری قوم کی دعاؤں سے آج پاکستانی خلا باز خلائی مشن کا حصہ بنے ہیں۔ پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی نے ملک کا نام روشن کیا ہے، یہ نہ صرف تاریخ میں یاد رکھا جائے گا بلکہ ایک ایسا لمحہ ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 25 نومبر کے دن کو خلائی مشن کے حوالے سے ہر سال یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل، پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مختصر وقت میں بہترین انتظامات کے ذریعے یہ خصوصی مرکز قائم کیا گیا، یہاں سکولوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ آئیں گے اور خلائی تحقیق کے بارے میں آگاہی حاصل کریں گے۔ انہوں نے پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی کا دن ہے، میں اپنے چینی دوستوں کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ وہ یہاں آئیں۔ پاک چین دوستی نئی بلندیوں پر پہنچ گئی ہے اور یہ ایک تاریخی دن ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کو مختلف شعبوں میں کامیابیاں مل رہی ہیں، تمام اداروں کی ٹیم ورک کے نتیجے میں پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بہت عزت ملی ہے جس پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپارکو کی خلائی تحقیقات کے حوالے سے خدمات قابل قدر ہیں، پاکستان کے سیٹلائٹس پہلے ہی مدار میں موجود ہیں۔ اس خلائی مشن سے واپسی پر پاکستان کو بڑا فائدہ ہوگا اور اس کے ذریعے کیے جانے والے سائنسی تجربات سے بھی استفادہ کیا جا سکے گا۔ پاکستانی خلا باز کی خلائی مشن میں شرکت سے ملک کو مزید بین الاقوامی شہرت ملی ہے اور پاکستان کا خلائی پروگرام مزید آگے بڑھے گا۔ انہوں نے چین کے ساتھ شراکت داری پر چینی حکومت اور چینی خلائی ایجنسی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان کے خلائی سفر اور خلائی تحقیق کے بڑھتے ہوئے عزم کی عکاسی کرنے والے خصوصی مرکز ”کہکشاں ۔ مشن کنٹرول سینٹر“ کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل سمیت وزارت اطلاعات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر میں پاکستان کے پہلے خلاء باز ذیشان علی کی تصاویر بھی آویزاں کی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہکشاں ۔ مشن کنٹرول سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات کو کہکشاں ۔ مشن کنٹرول سینٹر پر بریفنگ بھی دی گئی اور مختلف شعبہ جات کے میکنزم اور کارکردگی کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، یہ خصوصی مرکز خلائی تحقیق کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ کہکشاں ۔ مشن کنٹرول سینٹر میں سپیس سائنس سے متعلق ڈاکومنٹریز بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنا خصوصی پیغام بھی مشن کنٹرول سینٹر کے نوٹس بورڈ پر چسپاں کیا۔

