بنگلہ دیش پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ آج پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، اراکینِ قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں معزز مہمان وفد کا پُرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے پارلیمنٹ ہاؤس کے لان میں میگنولیا گرینڈی فلورا (Magnolia Grandiflora) کا پودا لگایا۔ اس موقع پر اسپیکر سردار ایاز صادق اور بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔شجرکاری کی تقریب کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے ساتھ ساتھ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔بنگلہ دیش پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی ہال کا بھی دورہ کیا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے معزز وفد کو قومی اسمبلی ہال کی تاریخی اہمیت اور پاکستان کی پارلیمنٹ کے قانون سازی کے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی۔

