اوکاڑہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کمیونٹی لائزون ہال میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے آنے والے شہریوں کے مسائل اور شکایات نہایت توجہ سے سنیں اور ان کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مضبوط بنانا اور شہریوں کو براہِ راست اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنا اوکاڑہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس عوام کی خدمت اور تحفظ کے لیے ہر وقت کوشاں ہے۔ شہریوں کے مسائل کو میرٹ اور قانون کے مطابق حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ جس کے لیے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنائیں۔ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل، انصاف کی فراہمی اور پولیس و عوام کے درمیان خوشگوار تعلقات کے فروغ کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

