
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) نے ریٹیل نیٹ ورک کے ذریعے بینظیر کفالت کی آئندہ سہ ماہی قسط کی تقسیم کے آپریشنل منصوبوں کا جائزہ لینے اور اسےحتمی شکل دینے کے لیے تمام پارٹنر بینکوں کے نمائندگان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ یہ اجلاس ایڈیشنل سیکریٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر طاہر نور کی زیر صدارت بی آئی ایس پی کے ساؤتھ زونل آفس ملتان میں منعقد ہوا۔
اس اجلاس کا انعقاد کیمپ سائٹ ڈسبرسمنٹ ماڈل سے ریٹیل نیٹ ورک ماڈل کی حالیہ منتقلی کےضمن میں کیا گیا تھا۔ یہ تبدیلی ملک بھر میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر کی گئی تاکہ مستحقین بالخصوص خواتین کو سخت موسمی حالات اور کھلے مقامات پر لمبے وقت تک انتظار سے بچایا جا سکے۔
اجلاس کا مقصد سہ ماہی مالی امداد کی بروقت، شفاف اور باعزت ترسیل کو یقینی بنانا تھا۔ اجلاس کے اہم نکات میں نظام کی تشکیل، ریٹیل دکانوں پر نقد رقوم کی دستیابی، بائیومیٹرک تصدیق کے نظام کو بہتر بنانا، شکایات کے مؤثر ازالے کے طریقہ کاراور دیگر اہم عناصر شامل تھے۔
ایڈیشنل سیکریٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر طاہر نور نے تمام شراکت دار اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا تاکہ سروس کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور تقسیم کا عمل زیادہ سہل اور مؤثر ہو۔ اجلاس میں مستحقین کی خدمات کو بہتر بنانے، تاخیر کو کم کرنے، ادائیگیوں کے عمل میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے پر بھی خصوصی زور دیا گیا۔
شراکت دار بینکوں نے اس حوالے سے اپنے تیاری کی منصوبہ بندی پیش کی اور اپنے ریٹیل نیٹ ورک کی استعداد کو بڑھانے، لین دین کے عمل کو آسان بنانےاور رقوم کی تقسیم کے دوران بلا تعطل خدمات کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اجلاس کا اختتام تمام فریقین کی جانب سے سہ ماہی قسط کی مؤثر اور بروقت ادائیگی، مالی شمولیت اور سماجی تحفظ کے وسیع تر مقاصد کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کے اعادے کے ساتھ ہوا۔
یہ اجلاس بی آئی ایس پی کے رقوم کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کی مسلسل کوششوں کا عکاس ہےتاکہ مالی امداد باعزت اور مؤثر انداز میں مستحق خواتین تک پہنچائی جا سکے۔ اجلاس میں زونل ڈائریکٹر ساؤتھ، نارتھ اور بی آئی ایس پی کے ڈپٹی ڈائریکٹرز بھی شریک تھے