25 نومبر کو روس کے وزیرِ توانائی سرگئی تسیویلیف اور پاکستان کے وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے تجارتی، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کے لیے قائم روس پاکستان بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی) کے گیارہویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔سرگئی تسیویلیف نے کہا:’’پاکستان جنوبی ایشیا میں روس کا ایک اہم شراکت دار ہے۔ ہمارے دونوں ممالک کے تعلقات دوستی، باہمی احترام اور ایک دوسرے کے مفادات کے احترام کی دیرینہ روایت پر قائم ہیں۔ ‘‘توانائی بدستور دوطرفہ تعاون کے اہم ترین شعبوں میں سے ایک ہے۔ دونوں فریقین نے تیل اور گیس کے شعبے میں تعاون کے امکانات، پاکستان میں پن بجلی گھر کی تعمیر ، روسی توانائی کے وسائل اور متعلقہ آلات کی فراہمی میں اضافے پر تبادلۂ خیال کیا، جس میں مائع قدرتی گیس (ایل این جی) اور مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) بھی شامل ہیں۔اس شعبے میں مزید پیش رفت کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان تیل اور گیس کے شعبے میں روس کے رائج معیارات کو تسلیم کرے۔ سرگئی تسیویلیف کے مطابق اس معاملے کے حل کے لیے کوششیں پہلے ہی جاری ہیں۔خلائی شعبہ بھی باہمی تعاون اور شراکت داری کو وسعت دینے کے نئے امکانات پیش کرتا ہے۔ روس دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور سائنسی و تکنیکی صلاحیتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اس شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔سرگئی تسیویلیف نے کہا:’’روس سیٹلائٹ نیویگیشن اور مواصلات، مصنوعی سیاروں کے ذریعے زمین کے مشاہدے (ریموٹ سینسنگ)، انسان بردار خلائی پروازوں اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنے تجربے اور مہارت سے پاکستان کو مستفید کرنے کے لیے تیار ہے۔‘‘صنعتی تعاون کے شعبے میں بھی وسیع امکانات موجود ہیں، بالخصوص کراچی میں فولاد سازی کے صنعتی کمپلیکس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں۔ روسی کمپنی میٹ پروم اسٹروئے (MetPromStroy) اس منصوبے میں شمولیت کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے اور اس پر عمل درآمد کے لیے ٹھوس تکنیکی اور انتظامی تجاویز تیار کر رہی ہے۔تجارتی و اقتصادی تعلقات بھی فروغ پا رہے ہیں۔ 2026 کے پہلے نو ماہ کے دوران روس اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 11 فیصد اضافے کے ساتھ 30 کروڑ امریکی ڈالر سے تجاوز کر گیا۔سرگئی تسیویلیف نے اس بات پر زور دیا:’’دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ اور اس میں تنوع لانا ہماری اہم ترین ترجیحات میں شامل ہے۔ تجارتی حجم میں ایک بار پھر مثبت شرحِ نمو دیکھنے میں آ رہی ہے۔ یوریشیائی اقتصادی یونین (EAEU) اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے نتیجے میں تجارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔‘‘اجلاس کا ایک اہم نتیجہ 2026 سے 2030 تک روس اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کی صورت میں سامنے آیا۔ علاوہ ازیں، نقل و حمل، جوہری توانائی، سائنس، ثقافت اور باہمی تعاون کے دیگر شعبوں سے متعلق متعدد دستاویزات بھی دستخط کے لیے تیار کی گئی ہیں۔تعلیم، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور دوطرفہ تعلقات کے قانونی و ضابطہ جاتی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے سے متعلق امور بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھے۔بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے نتائج نے باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینے اور روس اور پاکستان کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کی ایک بار پھر توثیق کی۔
