
دنیا بھر کے صحافیوں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کی 100 سالہ تقریبات کے انتظامات کی ابتدائی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے، آئندہ برس 2026 میں 4 سے 7 مئی تک صحافیوں کی اس نمائندہ تنظیم کی جائے پیدائش فرانس کے شہر پیرس میں منعقد ہونا طے پا گئی ہیں۔ یہ IFJ کی کانگریس کا ایک نمائندہ اور طاقتور اجلاس ہونے جا رہا ہے اور اس صد سالہ اجلاس کا بنیادی تھیم
” مضبوط صحافت اور ٹریڈ یونین ازم کے لیے بین الاقوامی یکجہتی کے 100 سال "
دنیا میں پریس کی آزادی، معیاری صحافت اور تنظیم کے تمام رکن ممالک کے اراکین کے لیے کام کے منصفانہ حالات کار کے لیے یکجہتی ، صحافتی ٹریڈ یونین کی آئندہ کے لیے جدو جہد کے لائحہ عمل اور ایک مضبوط پیغام کے ساتھ اپنی سو سالہ تقریبات کا آغاز ہونے جارہا ہے ۔ اس سو سالہ طاقتور کانگریس اجلاس میں IFJ اپنی آئندہ 3 سالوں کے لیے جمہوری طریقے سے نئی قیادت کا انتخاب بھی کرے گی۔ توقع کی جارہی ہے کہ پیرس میں یونیسکو ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہونے والے اس صد سالہ کانگریس اجلاس میں دنیا بھر سے IFJ سے منسلک 300 سے زائد صحافتی تنظیموں اور انجمنوں کے نمائندے شرکت کریں گے اور یہ عالمی سطح کا بڑا اجلاس اپنے مندوبین میں نئی طاقت ، امید اور اتحاد کا پیغام دے کر رخصت کرے گا۔
دنیا بھر کے صحافیوں کی سب سے بڑی تنظیم IFJ تقریباً 140 سے زیادہ ممالک میں صحافیوں کی 187 تنظیموں، ٹریڈ یونینز اور ایسوسی ایشنز کے 600000 (چھ لاکھ) سے زائد میڈیا پروفیشنلز کی نمائندگی کرتی ہے۔ صحافیوں کی اس بین الاقوامی تنظیم کا قیام سب سے پہلے 1926 میں فرانس کے شہر پیرس میں فیڈریشن آف انٹرنیشنل جرنلسٹس (FIJ) کے طور پر کیا گیا بعد ازاں 1946 میں اس کا نام تبدیل کر کے انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف جرنلسٹس (IOJ) رکھا گیالیکن سرد جنگ کے نتیجے میں اس تنظیم نے اپنے بہت سارے مغربی ممالک کے اراکین کو کھو دیا۔ صحافیوں کی اس عالمی تنظیم کی موجودہ شکل 1952 میں برسلز بلجئیم میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) کی صورت میں دنیا بھر میں دوبارہ سے أبھری ، پاکستان میں ملک بھر کے صحافیوں کی واحد حقیقی نمائندہ تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) اس عالمی تنظیم (IFJ) سے وابستہ ہے جس کے صدر رانا محمد عظیم اور سیکرٹری جنرل شکیل احمد ہیں۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس دنیا بھر کے صحافیوں کی تنظیموں کے ساتھ مل کر صحافیوں کےحقوق ، ان کی منصفانہ تنخواہوں ، نوکریوں کے تحفظ ، آزادئ صحافت اور سماجی انصاف کے دفاع کے لیے مضبوط آواز بلند کرتی ہے اور بین الاقوامی سطح پر صحافتی تنظیموں کی نہ صرف حمایت کرتی ہے بلکہ میڈیا انڈسڑی اور صحافیوں کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کے لیے پُرامن جدوجہد کے ذریعے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے خلاف بنائے گئے حکومتوں کے جابرانہ قوانین کے خاتمے کے لیے بھی آواز اٹھاتی ہے اور اپنے وسیع پلیٹ فارمز سے میڈیا کے خلاف بنائے گئے حکومتی قوانین کو اقوامِ متحدہ کے پلیٹ فارمز سے اٹھانے کے ساتھ ساتھ اجتماعی کارروائیوں کا اہتمام کرتی ہے ۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس صحافیوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کی آگہی دینے کے لیے دنیا بھر کے رکن ممالک میں ٹریننگ ورکشاپس اور سیمینارز کا باقاعدگی سے اہتمام کرتی ہے۔ صحافیوں کی یہ عالمی تنظیم جہاں دنیا بھر کے صحافیوں کے حقوق کی لڑائی لڑنے اور ان کو پیشہ ورانہ ٹریننگ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ضرورت مند صحافیوں کے لیے بین الاقوامی سیفٹی فنڈز سے انسانی بنیادوں پر ان کی مالی اعانت بھی کرتی ہے جبکہ جنگی حالات میں گھرے ملکوں میں پھنسے صحافیوں کو باحفاظت نکالنے کے لیے بھی عالمی امدادی اداروں کی مدد سے نکالنے کے انتظامات بھی کرتی ہے۔
آئی-ایف-جے کسی بھی سیاسی یا مذہبی نکتہ نظر کی حامل تنظیم کو رکنیت نہیں دیتا بلکہ بنیادی انسانی حقوق ، آزادئ صحافت ، جمہوریت ، صحافیوں کے حقوق اور میڈیا کے نمائندوں کی اطلاعات تک آزاد رسائی کے دفاع کے لیے اجتماعی کارروائی کو فروغ دیتی ہے اور اس کے حق کے لیے آواز اٹھاتی ہے ۔
آئی ایف جے (IFJ) کی تمام پالیسیوں کا فیصلہ جمہوری طریقے سے کانگریس کے اجلاسوں میں کیا جاتا ہے جو ہر تین سال بعد منعقد کیا جاتا ہے اور ان فیصلوں پر ایک منتخب ایگزیکٹو کمیٹی کی ہدایت پر سیکرٹریٹ کے ذریعے عمل درآمد کیا جاتا ہے، آئی ایف جے کا مرکزی سیکرٹریٹ برسلز بلجئیم میں ہے جبکہ افریقہ ، ایشیاء پیسیفک، یورپ، لاطینی امریکہ ،مڈل-ایسٹ کے الگ سے دفاتر موجود ہیں