
(لاہور) سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے مالی سال 2023-24 کے مالیاتی حسابات کی تکمیل کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کے تقاضوں کے تحت جمعرات، 5 جون 2025 کو کارپوریٹ بریفنگ سیشن (CBS) کا انعقاد کیا۔ یہ سیشن فلیٹیز ہوٹل لاہور میں منعقد ہوا، جس میں شیئر ہولڈرز، مالیاتی تجزیہ کاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے بالمشافہ اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔
کمپنی کی مینیجمنٹ نے شرکاء کو سوئی ناردرن کی عملی اور مالی کارکردگی کا جامع جائزہ پیش کیا۔ کلیدی کارکردگی کے اشاریے، بشمول کمپنی کا ریکارڈ منافع اور غیر محسوب گیس کےنقصان (UFG) میں نمایاں کمی جیسے اہم اہداف کو اجاگر کیا گیا۔
مینیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ سوئی ناردرن نے تاریخ کا سب سے زیادہ 29,843 ملین روپے کا منافع قبل از ٹیکس حاصل کیا، جبکہ بعد از ٹیکس منافع 18,977 ملین روپے رہا، جس کے نتیجے میں فی حصص آمدنی (EPS) 29.92 روپے رہی۔ یہ پچھلے سال کے مقابلے میں نمایاں بہتری ہے۔ مزید یہ کہ کمپنی نے ایک اہم آپریشنل ہدف حاصل کرتے ہوئے UFG میں کمی لا کر اسے 5.15 فیصد سے کم کر کے 4.93 فیصد تک محدود کر دیا، جو گزشتہ 18 برسوں میں کم ترین سطح ہے۔
بریفننگ کے بعد سوال و جواب کا ایک تفصیلی اور باہمی مشاورت پر مبنی سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شیئر ہولڈرز اور تجزیہ کاروں نے کمپنی کی کارکردگی، منافع، UFG کنٹرول اقدامات، ریگولیٹری امور اور مستقبل کی حکمت عملیوں سے متعلق سوالات کیے۔