اسلام آباد: چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی زیر صدارت بدھ کے روز سی ڈی اے بورڈ کا بائیسواں اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ جسمیں ممبر ایڈمن اسفندیار بلوچ، ممبر اسٹیٹ محمد زمان وٹو، ممبر ایمپلمنٹیشن و پلاننگ محمد عمیر، ممبر انوائرمنٹ عبداللہ خرم نیازی نے شرکت کی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ممبر سی ڈی اے بورڈ نے بذریعہ زوم لنک اجلاس میں شرکت کی۔ سی ڈی اے بورڈ کے بائیسویں اجلاس میں مختلف ایجنڈا آئٹمز زیر غور لائے گئے۔ تفصیلات کیمطابق، سی ڈی اے بورڈ کے بائیسویں اجلاس میں کیپیٹل ہسپتال کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے سی ڈی اے ہیلتھ فاؤنڈیشن کے قیام کی منظوری دی گئی۔ سی ڈی اے ہیلتھ فاؤنڈیشن کا انتظام بورڈ آف گورنرز اور سی ای او کے ذریعے چلایا جائیگا اور نجی پریکٹس کے امور کی نگرانی و انتظام ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ماتحت ہوگا۔ اسی طرح کیپیٹل ہسپتال میں ادارہ جاتی نجی انسٹیٹیوٹ بیس پرائیویٹ پریکٹس (IBPP) کے باقاعدہ آغاز کی بھی منظوری دی گئی۔واضح رہے، اس اقدام کا مقصد کیپیٹل ہسپتال کے ریونیو میں مزید اضافہ اور مالیاتی طور پر خود مختار بنانا ہے۔ نجی پریکٹس سے حاصل شدہ آمدنی کو کیپیٹل ہسپتال کی سروسز کو مزید بہتر کرنے پر خرچ کی جائیگی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے سی ڈی اے ہسپتال میں ایمرجنسی و فائر سیفٹی اور فائر ہائیڈرنٹ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جاچکا ہے۔ مزید برآں، سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں اسلام آباد کے زون فور میں زیر تعمیر شاہراہ اسلام آباد ایونیو کیلئے بائی لاز بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی زیر تعمیر اسلام آباد ایونیو کے بائی لاز سے متعلقہ سفارشات مرتب کریگی۔علاوہ ازیں، اجلاس میں سیکٹر E-12/4 میں ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح اجلاس میں سیکٹر E-12/4 کی مرکزی شاہراہ اور سروس روڈ سمیت مختلف پاکٹس میں ترقیاتی کاموں کی منظوری بھی دی گئی۔بعد ازاں، اجلاس میں اسلام آباد کے رہائشی سیکٹرز میں سب ڈویژن کے زیر التواء کیسیز کو پالیسی کیمطابق جلد نمٹانے کی ہدایت کی گئی۔ اس ضمن میں سب ڈویژن کی مد میں فیس پر نظر ثانی کرکے سفارشات بورڈ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے کہا کہ سی ڈی اے شہریوں کی بہتر خدمت اور دارالحکومت کی ترقی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے تمام فیصلہ جات پر عملدرآمد کے حوالے سے شفافیت اور احتساب کے عمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسلام آباد کی مجموعی تعمیر و ترقی، شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور بیوٹیفکیشن ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

