چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوستانہ تعلقات کی مضبوط بنیاد موجود ہے، جسے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، صنعت، ادویہ سازی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط سمیت باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں عملی تعاون میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔
چیئرمین سینیٹ کونسل آف دی ری پبلک بیلاروس کی چیئرپرسن نتالیہ کوچانووا کی دعوت پر بیلاروس کے سرکاری دورے پر ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو عملی پارلیمانی، اقتصادی، صنعتی اور تکنیکی تعاون میں تبدیل کرنا ہے۔
دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ نے نتالیہ کوچانووا سے تفصیلی اور مثبت مذاکرات کیے۔ اس موقع پر فریقین نے ۲۰۲۵-۲۰۲۷ کے روڈ میپ پر عملدرآمد، بین الپارلیمانی روابط، علاقائی و بینکاری تعاون اور مشترکہ صنعتی و زرعی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس دورے کے ایک اہم حصے کے طور پر بیلاروس کی کونسل آف دی ری پبلک اور پاکستان کی سینیٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے تاکہ دونوں پارلیمانوں کے مابین باقاعدہ تبادلوں اور بین الاقوامی فورمز پر مربوط حکمتِ عملی کو فروغ دیا جا سکے۔
سرکاری مصروفیات کے تحت سید یوسف رضا گیلانی نے وفد کے ہمراہ منسک ٹریکٹر پلانٹ (MTZ) کا دورہ بھی کیا اور جدید زرعی مشینری کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ٹریکٹرز کی اسمبلی کی دوبارہ شروعات، تکنیکی تعاون اور صنعتی ترقی کے مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
